سوات(مارننگ پوسٹ) ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لئے پولیس فورس کی طرف سے دی گئی قربانیاں اجاگر کر نے لئے خیبر پختونخواکرائمزجرنلسٹس فورم اور خیبر پختونخوا پولیس نے مشترکہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔اس سلسلے میں سی ٹی جے ایف کے صوبائی صدر عظمت گل نے دیگر ممبران کے ہمراہ سوات میں یادگار شہداء پر حاضری دی اورسی ٹی جے ایف کے صوبائی صدر عظمت گل، ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد سعید وزیر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی گلدستے رکھیں، اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور شہداء کے درجات کے بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد سعید وزیرنے کہا کہ چار اگست کو صوبہ بھر میں یوم شہداء منا یا جارہا ہے اس دن کو منانے کا مقصد پولیس فورس کے افسران اور اہلکاروں کی طرف سے فرائض کی ادائیگی کے دوران دی گئی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں خراج تحسین پیش کر نا ہے۔ پولیس شہداء نے شہادت کا جام پی کر ہمارے آنے والے کل کو محفوظ اور روشن بنایا ہے پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی پولیس کے ساتھ مل کر جرائم کی بیخ کنی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امن وامان کے قیام میں فعال اور موثر کردار ادا کریں گے۔سی ٹی جے ایف کے صوبائی صدر عظمت گل نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہیں۔وہ قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے،اس موقع پر ڈی پی او سوات سید اشفاق انور بھی موجود تھے۔
پولیس شہداء نے شہادت کا جام پی کر ہمارے آنے والے کل کو محفوظ اور روشن بنایا،آر پی او
