سوات(مارننگ پوسٹ)وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے تحصیل مٹہ سوات کے حلقہ PK-9 میں راحت کوٹ سخرہ روڈ کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے 10 کلومیٹر طویل اس سڑک پر لاگت کا تخمینہ 19کروڑ روپے ہے اور اس سے تقریباً 95 ہزار نفوس کی آبادی کو فائدہ ہوگا وزیراعلیٰ نے تحصیل مٹہ کے وسیع بارانی علاقے پر مشتمل باڑوئی ایریگیشن سکیم پر کام کا باضابطہ سنگ بنیاد بھی رکھ دیا ہے جس سے کالا کوٹ، باغ ڈھیری، اشاڑے اور دیگر ملحقہ دیہات کی اراضی سیراب کی جائے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت نے عملاً ثابت کیا ہے کہ صوبے میں حقیقی ترقی کا دور آچکا ہے ہم ایسے مفید اور ٹھوس کام کر رہے ہیں جن سے عوام مستفید ہوں گے اور جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ صرف سوات ہی نہیں بلکہ پورے صوبے کیلئے نظر آنے والا کام کرنا چاہتے ہیں وہ اب اپنے حلقے کو زیادہ وقت نہیں دے سکتے جس پر معذرت خواہ ہیں کیونکہ اب پورا صوبہ اُن کا حلقہ بن چکا ہے
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دورہ سوات کے دوسرے روز راحت کوٹ سخرہ روڈ کی تعمیرکے باضابطہ افتتاح اور باڑوئی ایریگیشن سکیم کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویڑن ریاض خان محسود، ایم پی اے میاں شرافت علی، ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویڑن سعید خان وزیر، سیکرٹری ایریگیشن داؤد خان، چیف انجینئر ایریگیشن نیاز سرور بلوچ، ایس ای آبپاشی انجینئر غلام اسحاق، تحصیل ناظم مٹہ عبداللہ، پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویڑن کے کو آرڈی میٹر انجینئر زاہد خان، ناظم بریکوٹ حسین خان، کوآرڈینیٹر مینگورہ سوات فضل الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام، عمائدین علاقہ اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں ان تقاریب میں شرکت کی راحت کوٹ سخرہ روڈ سے مستفید ہونے والے دیہات میں مٹہ، سمبٹ، بے دڑہ، کوزہ درش خیلہ، برہ درش خیلہ، اشاڑے، باغ ڈھیری، راحت کوٹ، درمئی، سخرہ، کالا کوٹ، نوخارہ، گاڑئی، آزاد بانڈہ، کوہستانی بانڈہ، بر لال کوہ، کوز لال کوہ، باٹ کوہ، فضل بیگ اور نیا سیاحتی علاقہ گبین جبہ شامل ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چونکہ باغ ڈھیری نہر کالا کوٹ، باغ ڈھیری اور اشاڑے کی زمینوں سے گزر رہی ہے مگر ان دیہات کی زیادہ تر زمین نہر کے دائیں جانب پانی سے محروم رہ گئی جسکے ازالہ کیلئے اب 13 کلومیٹر لمبی باڑوئی ایگریگیشن سکیم شروع کی جا رہی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت صوبے بھر میں ترقیاتی کام کر رہی ہے اور پارٹی کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کڑی نظر رکھیں ہم بیروزگاری کے خاتمے کیلئے تمام شعبوں میں ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں سوات میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دی جا رہی ہے اور شاہراہوں پر بطور خاص توجہ دی جا رہی ہے محمود خان نے کہا کہ ہمارے مخالفین صرف بولتے رہیں اور اسکی آڑ میں اپنی کرپشن کو چھپانے کی کوشش کرتے رہیں مگر ہم ایسے ٹھوس کام کریں گے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ہم میرٹ اور قانون کی حکمرانی یقینی بنا کر آئندہ نسلوں کیلئے رول ماڈل حکومت کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس میں ریاست مدینہ کی جھلک نظر آتی رہے گی وزیر اعظم عمران خان نے مشکل مگر حقیقت پسندانہ فیصلے کرکے قوم کو معاشی اور سیکیورٹی بحرانوں سے نکال دیا ہے انہوں نے ترقیاقی سکیموں کی کامیابی میں بھرپور تعاون پر سوات کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔