سوات(مارننگ پوسٹ)سوات میں ضلعی حکومت نے سرکاری اسکول کے بچوں کے لئے بڑاقدام اٹھادیا،ضلع حکومت کی جانب سے ضلع بھر کے تمام سرکاری اسکول کے بچوں کو مفت یونیفارم اور بیگز فراہمی کا آغاز کردیا گیا،حکومت کی جانب سے طالبات کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی دی جائے گی،اس سلسلے میں افتتاحی تقریب گورنمنٹ مڈل اسکول چارباغ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ تھے اس موقع پر ضلع کونسل کے اراکین،محکمہ تعلیم کے آفیسران اور والدین بھی موجود تھے،اس موقع پر بچوں نے ملی نغمے پیش کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا،ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ نے سرکاری اسکولوں کے بچوں میں مفت اسکول بیگز اور ایک جیسا یونیفارم فراہم کرنے کا آغاز کردیااپنے خطاب میں ضلع ناظم سوات نے کہاکہ کہ اسکول بیگز اور یونیفارم ضلع بھر کی تمام 67یونین کونسلوں میں سرکاری اسکول کے بچوں کو فراہم کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ دور دراز کے علاقوں کے اسکولوں میں جانے والی طالبات کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں اور یہ اخراجات بھی ضلعی حکومت برداشت کریگی انہوں نے کہاکہ ضلع حکومت نے اس مقصد کے لئے بجٹ میں مختلف مدوں میں 18کروڑ روپے اس کارخیر کے لئے مختص کردئے ہیں تاکہ غریب والدین کا بوجھ کم ہوسکے اور بچے ذیادہ سے ذیادہ اسکولوں میں آکر تعلیم حاصل کریں،اس موقع پر بچوں نے بھی ضلعی حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور دل لگا کر پڑھنے کا عزم بھی کیا۔