وزیراعلیٰ محمود خان نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو صحیح معنوں میں متحرک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ محکمہ نئے دور کے اُبھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے ، محکمہ اطلاعات صوبائی حکومت کا اہم ترین اور ذمہ دار محکمہ ہے جو نہ صرف عوامی آگاہی کیلئے حکومت کے عوام دوست اقدامات اور پالیسیوں کی تشہیر ممکن بناتا ہے بلکہ حکومت اور شہریوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا کردار بھی ادا کرتا ہے، محکمہ اطلاعات کا ہر ملازم پیشہ وارانہ جذبے اور ایمانداری کیساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی یقینی بنائے ، حکومت محکمے کے مسائل حل کرے گی ۔ اُنہوںنے صحافتی برادری کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بابو زئی سوات میں میڈیا کالونی کے قیام کیلئے فزیبلٹی منعقد کرنے، ڈائریکٹریٹ جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ کے سٹاف کیلئے مناسب دفتر کے انتظام اور صحافتی تنظیموں کے مطالبات پر خیبرپختونخوا نیوزپیپرز ، نیوز ایجنسیز اینڈ بک رجسٹریشن ایکٹ 2013 ء میں ضروری ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا اور صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی،پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، سیکرٹری اطلاعات امتیاز ایوب، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اﷲ، پریس سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ صاحبزادہ حسن علی نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے سی پی این ای اور اے پی این ایس کے مطالبے پرخیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کے عائد کردہ پانچ فیصد سیلز ٹیکس سے اخبارات کو مستثنیٰ قرار دینے کیلئے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے ۔
سوات میں میڈیا کالونی کیلئے فزیبلٹی کی ہدایت
