خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کا اعلامیہ جاری کردیا ضلع ناظم کے امور ڈپٹی کمشنرز، تحصیل و ٹائون ناظمین کے امور ٹی ایم اوز اور ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کے امور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے سپرد کر دئے گئے ہیں۔ محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ضلع کونسل کا ایڈمنسٹریٹر ڈپٹی کمشنرز ہونگے اسی طرح ہر ضلع کے ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کے ایڈمنسٹریٹر اسی ضلع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہونگے جبکہ ہر تحصیل و ٹائون کے ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داری متعلقہ ٹی ایم او کے سپرد کر دی گئی ہے اعلامیہ کے مطابق افسران اگلے بلدیاتی انتخابات اور ناظمین کے حلف تک بطور ایڈمنسٹریٹر اپنی خدمات جاری رکھیں گے متعلقہ افسران کو انتظامی امور نمٹانے کیلئے اختیارات دئے گئے ہیں واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت 28اگست کو چار سال مکمل کرنے کے بعد ختم ہو گئی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن 120روز کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے تاہم پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکم امتناعی جاری ہونے کے بعد اب مقررہ مدت کے اندر بلدیاتی انتخابات منعقد کرنے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔