آزاد کشمیر ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 26افراد جاں بحق اور 300سے زائد زخمی ہوگئے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،آزاد کشمیر اور جہلم کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرد ی گئی ۔منگل کے روز تقریباً سہ پہرچار بجکر ایک منٹ پر آزاد کشمیر ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروںمیں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت میں6.1 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی۔زلزلے کا مرکز جہلم کا شمالی علاقہ تھا۔زلزلے کے جھٹکے آٹھ سے دس سکینڈ تک محسوس کئے گئے ۔خیبرپختونخوا میں پشاور، چارسدہ، سوات، خیبر، ایبٹ آباد، باجوڑ، نوشہرہ، مانسہرہ،بٹ گرام، تورغر، شانگلہ، بونیر، دیر،اپر دیر، لوئر،چترال، مالاکنڈ اور کوہستان میں بھی زلزلے کی جھٹکے محسوس کیے گئے۔چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے بتایا کہ زلزلے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقے متاثر ہوئے جبکہ اس سے سب سے زیادہ نقصان میرپور آزاد کشمیر میں ہوا۔اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع میر پور ، بھمبر اور سماہنی میں شدیدزلزلے سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ،میر پور میں کئی مکانات گر گئے ، زلزے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ سڑکیں پھٹ گئیں اور زمین پر کھڑی الٹ گئیں اور گھروں کی کھڑیاں اور شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔میرپور میں زلزلے سے ایک عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود 50 افراد ملبے تلے دب گئے۔ڈی آئی جی گلفراز خان نے بتایا کہ زلزلے میں جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی اور 300 سے زائد افراد زخمی ہیں ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ میرپور کے علاقے جاتلاں سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں شدید تباہی کے مناظر کو دیکھا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر نے بتایا کہ ایک مسجد کے مینار بھی شہید ہوگئے جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ۔ زلزلے سے میرپورمیں قومی شاہراہوں پر بڑی بڑی دراڑیں اور زیر زمین گہرے شگاف بھی پڑ گئے جس سے بعض مقامات پر گاڑیاں بھی الٹ گئیں اوربعض گاڑیاں نہراپرجہلم میں جاگریں۔ نیشنل ڈیزاسٹر میجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نقصان کا ازالہ لگایا جا رہا ہے۔آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں زلزلہ زدگان کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی گئی، چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام نقصان کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 دے سکتے ہیں۔ اسی طرح میرپورآزاد کشمیر میں ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ڈائریکٹر رسپانس نیشنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کرنل علائو الدین نے کہا ہے کہ پاک فوج کی ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور وہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ زلزلے سے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ امید ہے اس بحران پر جلد قابو پا لیں گے۔ اسٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر سعید قریشی نے کہا ہے کہ ملک میںآنے والے شدید زلزلے کے بمعہ آفٹرشاکس کا سلسلہ کچھ دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ متعلقہ حکام اور اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں۔ متاثرین کو ادویات، کمبل اور دیگر سامان فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز فالٹ لائن میں تھا اس لئے شدت زیادہ تھی۔ ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ زلزلے سے منگلا ڈیم کوکوئی نقصان نہیں پہنچا اور بالکل محفوظ ہے۔زلزلے کے بعد اپر جہلم نہر کے اطراف میں واقع دس سے پندرہ دیہاتوں میں نہر کاپانی داخل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کے باعث بڑے نقصان کاخدشہ ہے۔ڈائریکٹر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کہاہے کہ اس نقصان سے بچنے کیلئے نہر کا پانی بند کردیا گیاہے اوراس وقت تک نہر کوبند رکھا جائے گاجب تک اس بات کا یقین نہیں ہوجاتا کہ پانی سے آبادیوں کوکوئی نقصان نہیں ہوگا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف نے بتایا کہ جہلم کی تحصیل دینہ میں چک رانجھا کے مقام پر گھروں کو نقصان پہنچا ہے جس سے ایک خاتون جاں بحق اور 22 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ادھر زلزلہ پیما مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر نجیب احمد نے کہاکہ لوگوں کو احتیاط کرنی چاہیے کیونکہ زلزلے کے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں۔ زلزلے کے فوری بعدآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پرپاک فوج کومیر پور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بھیج دیاگیا، آرمی کے دستے اور میڈیکل اسٹاف نے امدادی کاموں میں حصہ لیا ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے مطابق زلزے کا مرکز جہلم اور میرپور کا علاقہ تھا، انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے وہ دور دراز کے علاقے نہیں وہاں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔وزیراطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد آزاد کشمیر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حید رنے اپنا دورہ ملتوی کردیا ہے اور وہ خود امدادی کارروائیوں کی نگرانی کررہے ہیں
ہولناک زلزلہ میر پور میں سڑکیں پھٹ گئیں26افراد جاں بحق 300سے زائد زخمی
