سوات(مارننگ پوسٹ) محکمہ بہبود آبادی سوات کے زیر اہتمام ایک روزہ علماء سیمینار ہوا جس میں ضلع بھر سے علماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بہبود آبادی اصغر علی نے کہا کہ ان کا محکمہ اور افسران ہر سطح پر آبادیوں کی فلاح و بہبود کیلئے علماء کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں چونکہ علماء معاشرے کی بنیادی اکائیوں میں سے ایک ہے اس لئے علماء ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صحت مند و توانا اور تخلیقی صلاحیتوں کا حامل معاشرہ تشکیل پا سکے انہوں نے محکمہ بہبود آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے علماء میں پائے جانے والے خدشات و تحفظات کو بھی دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اسد علی شاہ نے کہا کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں دو سال تک ماں کا دودھ بچے کا حق ہے اور اگر دو سال تک بچے کو ماں کا دودھ میسر نہ ہو تو بچے کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ ضلع کی سطح پر علماء بورڈ تشکیل دے رہا ہے تاکہ محکمہ کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو ختم کیا جا سکے معروف عالم دین مفتی ڈاکٹر برہان الدین نے کہا کہ اس طرح کے سیمیناروں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے مذہبی سکالر قاضی عبیداللہ نے بھی خطاب کیا اور سیمینار کی افادیت پر روشنی ڈالی۔