سوات(مارننگ پوسٹ) آل پاکستان مسلم لیگ صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر شیرعالم خٹک نے کہا ہے کہ سوات سمیت پورے صوبہ میں آل پاکستان مسلم لیگ کو منظم کیاجارہاہے، موجودہ حکمرانوں سے عوام بدظن ہوچکے ہیں، عوام مشرف کی شدت کے ساتھ انتظارکررہے ہیں، جلد ہی پرویزمشرف عوام کے درمیان ہوں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے قمبر میں شاہدخان شاہین کی رہائشگاہ میں پارٹی کارکنوں اورعہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبہ خیبرپختونخوا کے چیف ارگنائزر میرعالم خان یوتھ کے صوبائی صدر انورعلی، ارشدخان، ضلعی سینئر نائب صدر شاہدخان شاہین، ضلعی رہنما ڈاکٹر ایوب خان، سابق امیدوار پی کے 8 عبدالوہاب، پی کے 6کے سابق امیدواراکبرعلی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیاہے۔ عوام حکمرانوں سے بدظن ہوچکے ہیں عوام مشرف دورکویادکرتے ہوئے ان سے کافی توقعات وابستہ کررکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرف جلد ہی پاکستان آکر عوام کے درمیان ہوگا، انہوں نے کہا کہ سوات سمیت صوبہ بھرمیں آل پاکستان مسلم لیگ کومنظم کیاجارہاہے، اور اس سلسلے میں تمام اضلاع کے دورے کررہے ہیں ملاکنڈڈویژن میں آل پاکستان مسلم لیگ کو مثالی بنانے اورزیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس طرف راغب کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اوروہ دن دورنہیں جب ایک بارپھر ملک کے باگ ڈورمشرف کے ہاتھوں میں ہوں گے۔