سوات (مارننگ پوسٹ) مینگورہ کے نجی سکول کے طالب علموں اوراساتذہ کے ”ہائیکنگ کلب“ نے سوات کے سیاحتی مقامات کی صفائی کی مہم شروع کردی۔ اساتذہ اور طلبہ گذشتہ روز ہائیکنگ پر منگلور کے علاقہ شنگرو ڈنڈ اور آبشار گئے، جہاں انہوں نے سیاحتی سیزن کے دوران میں اس ڈنڈ میں آنے والے سیاحوں کا چھوڑا ہوا کوڑاکرکٹ اکھٹا کرکے ٹھکانے لگا دیا۔ شنگرو آبشار اور ڈنڈ کو دیکھنے اور پُرسکون ماحول میں وقت گزارنے ہر سال موسمِ گرما میں ہزاروں مقامی اور دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔ شنگرو آبشار سے ڈنڈ میں گرنے والے پانی کے شور سے وہاں جانے والے افراد کو ذہنی سکون ملتا ہے۔ ایس پی ایس کالج کے طلبہ اوراساتذہ نے ڈنڈ کے گرد و نواح میں تمام کچرا جمع کرکے جلادیا، جس کے بعد شنگرو ڈنڈ اور آس پاس کا علاقہ دوبارہ خوبصورت ہوگیا۔ صفائی کرنے والے طالب علم معید خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ سیاحتی مقامات دیکھنے کے لیے لوگ آتے ہیں اور خود کو ذہنی سکون دے کر کھانے پینے کی اشیا اور پلاسٹک کے تھیلے اس خوبصورت مقام پر پھینک کر واپس چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کی قدرتی خوب صورتی، بد صورتی میں بدل جاتی ہے۔ ایک طالب علم جنید احمد نے کہا کہ شنگرو ڈنڈ اور آبشار ایک خوبصورت علاقہ ہے، اور ہر قسم کے شور سے پاک علاقہ ہے۔ ایک معلم امجد علی سحابؔ کا کہنا تھا کہ ان کے کالج کے اس کلب کے ممبر باقی سیاحتی مقامات میں جاکر وہاں سے بھی گندگی کو صاف کریں گے۔ انہوں نے سیاحتی مقامات جانے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان مقامات سے واپس جانے سے پہلے نہ صرف اپنا گند ٹھکانے لگائیں بلکہ دوسروں کا چھوڑا ہوا گند بھی صاف کرکے جائیں، تاکہ ان مقامات کی قدرتی خوبصورتی برقرار رہ سکے۔
سوات، نجی سکول کے طالباء اوراساتذہ کے ”ہائیکنگ کلب“ نے سیاحتی مقامات کی صفائی کی مہم شروع کردی
