جمعیت علماء اسلام (ف)کی مرکزی قیادت کی کال پر مالاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع بونیر ، سوات، دیرلوئر،دیر اپر ، شانگلہ ، چترال، باجوڑ اور ملاکنڈ کے کارکنوں نے صوبائی امرا ء کی قیادت میں پل سوکی کے مقام پر سوات موٹر وے سے متصل جی ٹی روڈ پر دھرنا شروع کر دیا ہے ، جس کی وجہ سے پشاور سوات روڈ ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے،احتجاجی دھرنا کے لئے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے.
احتجاج کے پہلے روز مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے صوبائی نائب اور ملاکنڈ ڈویژ ن کے امیر مفتی فضل غفار ، ملاکنڈ کے امیر مفتی کفایت اللہ اوردیگرنے کہا کہ وہ جی ٹی روڈ پر خیمہ بستی بنارہے ہیں اور اس وقت تک ان کا دھرنا جاری رہیگا جب تک مرکزی قیادت دوسری کال نہ دیں.
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کلبھوشن یادیو کو رہا کرنے کے لئے آئین میں ترمیم کا ڈراپ تیار کیا ہے ، مہنگائی سے عوام پر بوجھ بڑھ گیا ہے ، ا سلئے اس حکومت سے نجات ہی مسائل سے نکلنے کا واحد علاج ہے ۔