سوات(مارننگ پوسٹ) حلال فوڈ اتھارٹی کا خوف، سوات میں کاروباری طبقہ شدید پریشان ، چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے والوں نے کاروبار ختم کرنا شروع کردیا، بھاری جرمانے اورغیرضروری اقدامات نے سوات میں ایک بارپھر کاروباری پہیہ جام کرناشروع کردیا، کاروباری طبقے کو بے جا تنگ کرنے پر تاجربرادری نے بھی شدید احتجاج کیلئے صلاح ومشورے شروع کرائے ، تفصیلات کے مطابق سوات کے تاجربرادری اورخصوصاً چھوٹے کاروباری طبقے نے حلال فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کاروباری طبقہ کوبے جاتنگ کرنے اوران پربھاری جرمانے عائد کرنے پراپنے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اوردیگرذمہ داروں کی توجہ اس طرف مبذول کرائی ہے کہ حلال فوڈ والوں نے ناک میں دم کررکھاہے ، معمولی بات پر بھاری جرمانے عائدکرکے کاروباری طبقہ کو پریشان کررہے ہیں ان سے کوئی پرسان حال نہیں۔ ان حلقوں نے کہا ہے کہ چھوٹے چھوٹے کاروبارکرنے والوں پرچھاپے مارکر ان پر اتناجرمانہ لگاتے ہیں جتنا ان کاکاروبار بھی نہیں ہوتا۔ ان کے ظلم سے لوگ کاروبار چھوڑنے پر مجبور ہیں اور غیرضروری احکامات نے کاروباری طبقے کو شدیدپریشان کررکھاہے۔ ایک سازش کے تحت سوات میں کاروبار کوختم کیاجارہاہے اورسوات میں ایک منظم طریقے سے بیروزگاری کا سیلاب آنے کیلئے راہ ہموارکی جارہی ہے ادھرتاجربرادری نے ان کے مظالم کے خلاف ڈٹ کر دوٹوک الفاظ میں خبردارکیاہے کہ کسی کوتاجروں پرظلم کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ، تاجربرادری نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان اوردیگراعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیاہے۔