سوات (مارننگ پوسٹ)سوات میں پاکستان کے سب سے بڑے دوروزہ سائنس میلے کا آغاز ہوگیا۔ میلہ میں سو سے زائد سائنسی ماڈلز کے سٹال لگا ئے گئے ہیں۔ میلہ کے پہلے روز سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے پانچ ہزار طلبہ اور پندرہ سو سے زائد طالبات نے شر کت کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر السلام، ڈی آئی جی اختر حیات خان، ضلع ناظم محمد علی شاہ اور ڈی سی سوات نے ’’سوات سائنس فیسٹول ‘‘ کا افتتاح کیا۔ میلے کا مقصد سوات کے بچوں کو میں سائنس اور نئی تحقیق اور سکولوں میں میسر تعلیمی مواقعوں کا فروغ اور اس میں اضافہ کرنا ہے۔ میلے کا انعقاد ضلعی انتظامیہ، ضلعی حکومت، ادھیانہ اور محکمہ تعلیم سوات نے پاکستان الائنس فار میتھ اینڈ سائنس کے تعاون سے کیا تھا۔میلہ میں سکول کے بچوں نے اپنے ہاتھوں سے بنائے گئے ڈرون کیمروں، بجلی بنانے والی ٹربائنز، واشنگ مشین، روم کولر، ایکسوئیٹرز، ریت صاف کرنے کی مشین ، ائیر کنڈیشن ، بغیر بیٹری کی کشتیوں اور دیگر اشیا کی بھی نمائش کی
سوات سائنس فیسٹول میں 14سو سے زائد طلبہ و طالبات نے بیک وقت سٹرابیری کا ڈی این اے ٹیسٹ کرکے قومی ریکارڈ قائم کرلیا۔ میلہ میں1036 طلبہ نے ڈی این اے کی شکل بھی بنا دی۔ یہ ریکارڈ پاکستان بک آف ریکارڈز میں درج کیے جائیں گے
سوات سائنس فیسٹول میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ملوک آباد مینگورہ کی طالبات نے گوبر گیس کا کامیاب تجربہ بھی کیا۔ سکول کی طالبات نے ایک ڈرم میں پندرہ کلو گرام بھینسوں کا گوبرڈالنے کے بعد اس میں پانی شامل کرکے گوبر گیس بنالیا۔ بعد میں اس گیس سے چولہا جلا کر سب کو حیران کردیا۔ سکول کی استانی فریال ثانی نے کہا کہ سکول کی بچیوں نے کم وقت میں کامیاب تجربہ کیا۔ اگر ان بچیوں کو وسائل فراہم کر دیے جائیں، تو وہ اس سے بڑا پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں جس سے پورے گھر کو دن رات گو بر سے گیس کی فراہمی ہوگی