سوات(مارننگ پوسٹ) سیدوشریف سوات میں عطائیوں کے خلاف خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم کا آپریشن کلین اپ، عطائیوں کے متعدد کلینکل لیبارٹریاں اور صحت مراکز سیل، غیر رجسٹرڈ صحت خدمات فراہمی کے اداروں کو نوٹس جاری۔ علاقے میں سرگرم عمل درجنوں عطائی ٹیم آمد کی اطلاع پر اپنے نام نہاد صحت مراکز کو تالے لگاکر نودو گیارہ ہوگئے تفصیلات کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن کے مرکزی شہر میں عطائیت کا مکروہ دھندہ کرنے والے عطائیوں کے خلاف خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ2015 کی روشنی میں خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم نے ملاکنڈ ڈویژن کے سنیئر انسپکٹر سعید الرحمان کی قیادت میں سیدشریف میں موجود نجی صحت مراکز کا اچانک معاینہ کیا، معائینے کے دوران متعددغیر متعلقہ و نان کوالیفائیڈ افراد اشفاق،عزیز،سلمان وحید ودیگر کو غیر صحت مند ماحول میں مریضوں کو انجکشن لگانے انہیں مختلف بیماریوں کا علاج تجویز کرنے اور آر سی ٹی کے عمل میں مصروف پایا گیا جس پر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اشفاق ڈینٹل کلینک، چیف ڈینٹل کلینک، سلمان وحید ہیلتھ کلینک اور دیگر صحت خدمات فراہمی کے نام پر لاچار مریضوں کے جان و مال سے کھیلنے میں ملوث مراکز کوبند کرکے سر بمہر کر کے بند کردیا ہے اور چیف ڈینٹل کلینک ریفیل کاٹیج کی بھاری مقدار وسلمان وحید ہیلتھ کلینک سے گیر قانونی ادویات کی بڑی کھپ پکڑی گئی ہے۔معائینے کے دوران سوات میں ڈاکٹر فاطمہ آفتاب کلینک و دیگرکو رجسٹریشن کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم آمد کی اطلاع ملتے ہی متعدد عطائی اپنی کلینکس بند کرکے رفو چکر ہوگئے۔ عوامی حلقوں نے عطائیوں کے خلاف جاری آپریشن کو سہراتے ہوئے اس میں مذید تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے