سوات(مارننگ پوسٹ) چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے وائرس کی وباء سے بچاؤ کا واحد حل اپنی معاشرتی سرگرمیاں محدود کرنے میں ہے، لوگ بے جا بازاروں میں گھومنے پھرنے سے چند دنوں کے لئے پرہیز کرکے اپنے آپ اور اپنے پیاروں کو زندگی کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کریں،ان خیالات کا اظہار پختونخواریڈیو سوات ایف ایم 98 کے سپیشل ٹرانسمیشن کے پہلے سیشن میں ڈاکٹر فخر عالم نے پروگرام”ریڈیو کلینک“ میں میزبان فضل خالق خان، وقار احمد سواتی، شائستہ حکیم، عصمت علی اخون اور جنید ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے سفر کرکے آنے والے افراد سے ملنے جلنے سے بھی احتراز کیا جائے کیونکہ اس طرح مزید لوگوں کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں اس کے علاوہ جو لوگ خود بیرون ممالک سے پاکستان میں آئے ہیں وہ بھی احتیاطاً اپنا ٹسٹ کرائیں تاکہ ان کی وجہ سے جو لوگ اب تک اس وباء سے محفوظ ہیں کہیں متاثرنہ ہوجائیں، انہوں نے سامعین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جائے کیونکہ صفائی اور حفاظتی اقدامات، لوگوں سے غیر ضروری ملنے جلنے سے اجتنا ب، مصافحہ کرنے سے پرہیز اس بیماری سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں، ا س کے علاوہ ڈاکٹر فخر عالم نے اس بات پر زور دیا کہ لوگ اپنے طورپر علاج معالجہ کے طورپر دوائیں لینے سے گریز کریں اور سنی سنائی باتوں پر عمل سے بھی بچیں سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کے بارے میں مبالغہ آمیز باتیں ہورہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا ایسی کسی بات پر عمل نہ کیاجائے اور عوام اپنے طبی مسائل کے بارے میں ہمارے ساتھ براہ راست رابطہ رکھیں ان شاء اللہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہی ہم اس موذی وباء کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
سوات،بیرون ممالک سے آئے ہوئے افراد سے ملنے سے گریز کیا جائے۔ ڈاکٹر فخر عالم













