سوات    (مارننگ پوسٹ)  سوات میں مزید سات افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب اسلم رضا کے مطابق تحصیل مٹہ کے یونین کونسل چپریال میں ایک جنازے میں شرکت کرنے والے سات افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد چپریال، شور، برتھانہ، گوالیرئی، بہا، آغل اور نل کوٹ کے علاقے قرنطینہ قراردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں کرونا کا ایک  مثبت کیس آنے کے بعد مزید چالیس لوگوں کے ٹیسٹ کے نمونے لیے گئے تھے، جہاں لوگوں نے ایک جنازے میں شرکت کی تھی۔ جن میں سے سات لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پرمتاثرہ علاقوں میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سوات (ڈی ایچ او) کی ٹیمیں فوری طورروانہ کر دی گئی ہیں۔ گھر گھر اعلانات بھی کروادئے گئے ہیں۔ ٹیمیں گھر گھر جاکر لوگوں کی فرداًفرداً سکریننگ بھی کریں گی۔متاثرہ بندوں کو قرنطینہ سنٹرز شفٹ کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ سوا ت نے ضلع بھر اور خاص کر مذکورہ علاقوں کے تمام لوگوں سے گذارش کی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگلے چودہ دنوں کے لیے اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں مذکورہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے موجود رہیں گی۔