سوات(مارننگ پوسٹ)علاقہ کوکارئی کی مقامی تنظیم اور آئمہ کرام کامشترکہ اجلاس،موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو،مستحق اورنادارلوگوں کی ہر ممکن مددکرنے پر اتفاق،اس حوالے سے عوامی سطح پر مشترکہ حکمت عملی بنانے کیلئے مختلف مساجد کے آئمہ کرام اورتنظیم خواگہ کلی وال کوکاری کے ایڈوائزری کونسل کے اراکین کے مابین ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہواجس میں موجودہ پریشان کن حالات پر ہر پہلو سے بحث و مباحثہ کے بعد متفقہ طور پرقرار فیصلہ کیاگیا کہ تمام آئمہ کرام بدلتے سماجی ماحول میں اپنا مثبت کردار نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کریں گے، خطبوں اور بیانات میں متعدی امراض کے پھیلاؤ اور اس سے بچاؤ کیلئے حکومتی ہدایات کے مطابق عام لوگوں کی مناسب رہنمائی کریں گے،تمام آئمہ کرام مساجد میں علاقے کے صاحب ثروت لوگوں اور تنخواہ دار طبقے کوغریب غرباء اور بیروزگار ہونے والے مستحق افراد کی مدد پر مائل کرنے کیلئے ایک موثر چندہ مہم شروع کریں گے اور معاشرتی فلاح و بہبود کی کسی بھی سرگرمی میں ہر سطح پر اپنا مکمل تعاؤن فراہم کریں گے، تنظیم خواگہ کلی وال کے مشاورتی کونسل کے رابطہ کار اختر علی خان نے تمام علمائے کرام کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ہم سب ایک کشتی کے سوار ہیں اور اتفاق کے ساتھ ہر قسم کے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب، عوام اور حکومت کے مابین رابطے کا فریضہ انجام دیں گے،تنظیم مستقبل میں اپنی تمام فلاحی سرگرمیوں کا لائحہ عمل وضع کرنے کیلئے علاقے کے علمائے کرام سے بھر پورمدد اور رہنمائی حاصل کریں گے، اجلاس کے آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ پوری اقوام عالم کو تمام دیدہ و نادیدہ آفات سے محفوظ رکھے اور صاحب استطاعت لوگوں کے دلوں میں غریبوں کی بھرپور مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
علاقہ کوکارئی کی مقامی تنظیم اور آئمہ کرام کامشترکہ اجلاس،موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو
