سوات (مارننگ پوسٹ)  تحصیل کبل کے علاقے گل جبہ میں دن دہاڑے ڈاکٹر ارشدکے گھر میں مسلح ڈکیتی کی واردات، 5 مسلح ڈاکوؤں نے اہلِ خانہ کو یرغمال بناکر طلائی زیورات، لاکھوں روپے نقدی اور پستول لے کر فرار ہوگئے۔ اہلِ علاقہ نے مینگورہ کبل شاہراہ بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس حکام کی یقین دہانی پر ٹریفک بحال کردی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ کبل رحمت علی کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت تحصیل کبل کے علاقے گل جبہ میں پیش آیا جہاں پر نامعلوم ڈاکوؤں نے ڈاکٹر ارشدکے گھر میں داخل ہوکر ڈکیتی کی واردات کی۔ ڈاکٹر ارشدنے پولیس کو بتایا کہ ان کے گھر میں چار سے پانچ تک افراد نے داخل ہوکر تمام اہلِ خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر ایک کمرے میں بند کردیا۔گھر سے 54 تولے سونا، 3لاکھ 40 ہزار روپے نقدی، 4 عدد موبائل اور ایک پستول لے کر فرا رہوگئے۔ اہلِ علاقہ نے احتجاج کرکے مینگورہ کبل روڈ کر بندکردیا، جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کبل پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔