مینگورہ :: محلہ نویکلے میں جائیداد کے تنازعہ پر بھانجوں کی فائرنگ سے ماموں بیٹے سمیت قتل اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مینگورہ کے نواحی علاقے نویکلے میں پولیس لائن کے قریب ماموں اور بھانجوں کے مابین جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں بھانجوں کی فائرنگ سے ماموں میاں سید باچا اور اس کا جواں سال بیٹا لعل باچا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ دوسرا بیٹا رحیم باچا ولد میاں سید باچا اور پوتا زریاب ولد لعل باچا زخمی ہوگئے۔ تصادم کے دوران مقتول کے بھانجے میاں سید فاروق اور صدیق میاں بھی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین فریق کی جانب سے میاں سید فاروق، میاں سلطان الدین، میاں صدیق، میاں عرفان پسران میاں قند فروش کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بھانجوں کی جانب سے مقتولین میاں سید باچا اور لعل باچا سمیت رحیم باچا، زریاب ولد لعل باچا، خان بہادر،بخت محمد خان، نورمحمد خان، سید محمد خان پسران دلاور کے خلاف ابتدائی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔فریقین کی جانب سے پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔