مینگورہ(مارننگ پوسٹ)جمعیت علماء اسلام کے ترجمان محمد اعجازخان نے کہاہے کہ ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کومشکل میں ڈال دیا ہے،روزانہ ادویات کے نرخ بڑ ھ رہے ہیں اورادویہ ساز کمپنیاں لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں جس پر حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے،انہوں نے کہاکہ عوام سے جینے کا حق چھن گیااورمریض ادویات کی عدم دستیابی کے سبب موت کی آغوش میں جارہے ہیں ادویہ ساز کمپنیوں کی جانب سے لوگوں کو لوٹا جارہاہے یہاں پر روزانہ کی بنیاد پر میڈیسن کی قیمتوں میں ٹیکس سمیت اضافہ ہورہاہے جس کے باعث عوام کی تشویش بڑ ھ رہی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے انہیں صحت کی سہولیات میسر نہیں جبکہ بازاروں میں ادویات کے نرخ دیکھ کر لوگوں ذہنی کرب میں مبتلا ہورہے ہیں،کم وقت میں ادویات کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں جنہیں خریدنااب عوام کے بس کی بات نہیں رہی،انہوں نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن ٹیکس فری زون ہے مگر اس کے باوجود یہاں کے عوام سے مختلف ناموں سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے،یوٹیلٹی بلوں سمیت موبائل کارڈسے لے ادویات تک میں ٹیکس کی وصولی کی جارہی ہے جو سراسرظلم وناانصافی ہے مگر اس ظلم پر انصاف کے نام پر قائم حکومت نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے جو حکومتی نعروں اوروعدوں کو غلط ثابت کررہی ہے،عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کے دعویدارحکمرانوں نے عوام کو دواساز کمپنیوں اورلوٹ مار کرنے والے دیگر کاروباری کمپنیوں کے حوالے کردیا ہے جو پیسے کی خاطر عوام کی کھالیں ادھیڑنے میں مصروف عمل ہیں۔