سوات میں صحافیوں کے نام پر اصلی اور جعلی صحافیوں نے محکمہ اطلاعات خیبر پختون خوا سے میڈیکل کی مدمیں 65 لاکھ، 71 ہزار، 4 سو51 روپے حاصل کیے۔ محکمہ اطلاعات کے ریکارڈ کے مطابق سوات میں 96 افراد نے صحافیوں کے روپ میں یہ رقم وصول کی۔ رقم وصول کرنے والوں میں چند تو اصل صحافی ہیں لیکن بیشتر ایسے ہیں جن کا نہ تو صحافت سے کوئی تعلق ہے،نہ عام زندگی میں ان کو کوئی صحافی کے طور پر جانتا ہی ہے۔ اصل صحافیوں میں سے چند ایسے ہیں جو واقعی بیمار ہیں۔ کچھ صحافی ایسے ہیں جنہوں نے بیماری کے بغیر رقم وصول کی۔ان میں سے کچھ افراد نے ایک بار سے زیادہ رقم بھی وصول کی۔ زیادہ تر افراد نے ایک لاکھ روپے تک رقم حاصل کی ہے۔ سوات پریس کلب جس کو محکمہئ اطلاعات نے سیل کرنے کا حکم دیا ہے، مَیں اس وقت ممبرز کی تعداد62 ہے، لیکن رقم حاصل کرنے والوں کی تعداد 96 ہے۔ سوات کے صحافیوں نے صوبائی حکومت اور سیکرٹری محکمہئ اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ جن افراد نے صحافت کے نام پر رقم وصول کی ہے، ان کا صحافت سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کی انکوائری کی جائے اور غیر مستحق افراد سے ریکوری کی جائے۔ اس کام میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔