ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سوات میں خطرناک ہے۔ اس لئے ہم کوشش کررہے ہیں کہ اس حوالے سے سخت اقدامات اٹھائیں، تاکہ یہ مرض نہ پھیل سکے۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اسکولوں کی بندش کی خلاف ورزی کرنے والے مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ متعدد کھلے سکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ اپنے دفتر میں سوات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کسی کو پابندی کے باوجود تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام نجی تعلیمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ بصورت دیگر سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ این سی او سی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ہدایات دی جارہی ہیں اور اس پر ضلعی انتظامیہ من وعن عمل درآمد کررہی ہے۔
کورونا کی تیسری لہر سوات میں خطرناک،تعلیمی اداروں کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ
