مینگورہ:جمعیت علماء اسلام نے ہر دور میں باطل اور طاغوت کیخلاف آواز بلند کی ہے، جے یو آئی کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا ہے، ہماری تمام تر مشکلات اور پریشانیوں کا حل قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے، موجودہ حکمرانوں نے عوام کو محرومی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے ضلعی ترجمان ڈاکٹر امجد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کو تجربہ گاہ بنانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کے بعد اب ٹیکسوں کا نفاذ کرنے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگارہی ہے مگر جے یو آئی حکومت کے ان عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی، روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی میں اضافہ ہونے سے عوام کا جینا محال ہوچکا ہے، غریب طبقہ خودکشی اور سفید پوش طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے، انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہر دور میں ظلم و نا انصافی کے خلاف ڈٹ جاتی ہے، ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھا نا جے یوآئی کے منشور کا حصہ ہے، آئندہ بلدیاتی الیکشن میں قائدین کی مشاورت سے امیدوار میدان میں اتاریں گے، ہمارے پاس مخلص اور دیانتدار کارکنان اور امیدواران موجود ہیں جو جذبہ خدمت سے سرشار اورقائد جمعیت مولانا فضل رحمن کی قیادت میں متحد ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا تاہم جمعیت علماء اسلام کے پاس عوامی مسائل کو دور کرنے کا ایک منظم پروگرام موجود ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ ان کی امنگوں کی ترجمانی کریں گے۔