محکمہ کھیل خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر سے 60ملازمین کو فارغ کردیا، ملازمین میں خاکروب، چوکیدار اور مالی سمیت مختلف کھیلوں کے کوچز بھی شامل ہیں۔
محکمہ کھیل ذرائع کے مطابق صوبے میں اس وقت ہنگامی بنیادوں پر بھرتی کئے گئے عملہ کی تعداد اڑھائی سو سے زائد ہے ان ملازمین میں مالی، چوکیدار، خاکروب، دفتری،معاون اور کوچز شامل ہیں جن میں 60ملازمین کو محکمہ کھیل نے خزانہ پر بوجھ قرار دے کر فارغ کردیا ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل کھیل خیبر پختونخوا خالد خان نے 60ملازمین کو فارغ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ملازمین خزانے پر بوجھ تھے ان میں بیشتر ایسے ملازمین تھے جو تنخواہ تو محکمہ کھیل سے وصول کررہے تھے تاہم وہ ڈیوٹی نہیں کرتے تھے سکروٹنی کا عمل ہونے کے بعد انہیں فارغ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایسے ملازمین کو بھی فارغ کیا گیا ہے جو ہنگامی طور پر بھرتی تو کئے گئے تاہم اس آسامی پر محکمہ کے اپنے ملازمین موجود تھے جس کے باعث ایک آسامی پر صوبائی حکومت دو افراد کی تنخواہ ادا کررہی تھی ان ملازمین کو بھی فارغ کرکے محکمہ کے اپنے ملازمین کو فوری طور پر ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا ہے۔
خالد خان نے واضح کیا کہ رواں ماہ مزید ملازمین کی جانچ بھی کی جارہی ہے اور اسے مکمل ہونے کے بعد مزید اضافی ملازمین کو فارغ کردیا جائیگا۔