ڈالر ز کی مسلسل اونچی اڑان اور روپیہ کی ڈالر کے مقابلے میں گرتی ہوئی قدر کے پیش نظر خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخ کے سب سے بڑے قرض کو ڈالرز سے تبدیل کرکے یورو میں لینے کا فیصلہ کرلیا اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ معاہدہ بھی طے پا گیا ہے اور اب ایشیائی ترقیاتی بینک شہری ترقی کے سب سے بڑے منصوبے کا قرض اب صوبائی حکومت یورو میں وصول کرے گی۔
محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا ذرائع کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز سے زائد کا صوبے کا سب سے بڑے قرض لینا تھا خیبرپختونخوا سیٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کے دوسرے مرحلہ کیلئے تقریبا 40کروڑ ڈالرز قرض کی بھی درخواست کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر ایک ارب 5کروڑ ڈالرزکا قرض صوبائی حکومت نے وصول کرنا تھا تاہم ڈالر کی اچانک اڑان اور روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے باعث خیبر پختونخوا حکومت کیلئے ڈالرز میں واپسی انتہائی مشکل ہو گئی تھی اور اسی مشکل کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے منصوبے کیلئے قرض ڈالرز کی بجائے یورو میں فراہم کرنے کی درخواست کردی .
جسے بینک نے منظور کرلیا ہے پہلے مرحلے کیلئے اکنامک افیئرز ڈویژن نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو قرض کے معاہدہ پر وزارت قانون کی نظر ثانی شدہ قانونی رائے ارسال کردی ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کو 52کروڑ 95 لاکھ یورو قرض کی ادائیگی کا عمل شروع کرنے کی درخواست کردی ہے منصوبے کیلئے پی سی ون پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے اور اس میں ذیلی ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی بھی مکمل کرلی گئی ہے جس کے بعد اب قرض کی فراہمی کا عمل شروع ہوگا صوبائی حکومت نے شہری ترقی منصوبے کے پہلے مرحلے کیلئے 99ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا ہے جس میں 94ارب ایشیائی ترقیاتی بینک اور 5ارب صوبائی حکومت ادا کرے گی ۔