سوات:بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں وزیر اعلیٰ محمود خان کی آبائی تحصیل مٹہ میں تحصیل چیئرمین شپ 8 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ اس حلقہ سے تحریک انصاف کے امیدوار وزیر اعلیٰ کے بھائی اور سابق تحصیل ناظم عبداللہ خان ہے۔ ای این پی سے سابق تحصیل ناظم و سابق ضلع نائب ناظم عبدالجبار خان، پیپلز پارٹی سے محمد شیر خان، جے یو آئی سے رحیم اللہ، جماعت اسلامی سے سید اظہار اللہ، پی ٹی آئی کے ناراض آزاد امیدوار محمد خان اور آزاد امیدوار آفتاب خان اور سید بادشاہ معین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اس حلقہ میں چیئر مین شپ کے علاوہ 46 نیبر ہوڈ، ویلج کونسلوں میں 489 امیدوارجنرل کونسلر، 109 امیدوارخواتین کونسلر، 200 امیدوارمزدورکسان کونسلر، 136 امیدواریوتھ کونسلر وں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ مٹہ تحصیل میں کوئی اقلیتی امیدوار نہیں۔ تحصیل مٹہ میں بابوزئی کے بعد سوات کا دوسرا بڑا یونین کونسل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 295127 ہے جس میں 164388 مرداور130739 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ اس حلقہ میں کل 202 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 2134 انتخابی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔