وزیر اعلیٰ محمود خان نے یک روزہ دورہ سوات کے دوران متعدد منصوبوں ن کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے زرعی یونیورسٹی سوات اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 57 کلومیٹر طویل شموزئی چوک تا باغ ڈھیری سڑک کی بحالی اور بریام چوک تا وانئی 10 کلو میٹر سڑک کی بحالی و کشادگی کے منصوبوں، 23کلومیٹر مٹہ -فضل بانڈہ روڈ کی بحالی اور چپریال بائی پاس روڈ کی تعمیر، 8 کلو میٹر فضل بانڈہ تا جارگو واٹر فال سڑک کی تعمیر کے منصوبے، 132کے وی مٹہ گرڈ اسٹیشن اور پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ اور ڈگری کالج وینئی کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔ مٹہ میں عوامی اجتماع سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان آزادی مارچ کی کال دیں گے، تو میں خود خیبر پختونخوا کے قافلے کی قیادت کروں گا۔خیبر پختونخوا سے لاکھوں لوگوں کا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ عمران خان کی کال پر احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکلنے والے خیبر پختونخوا کے عوام کا مشکور ہوں۔ ملک کی حقیقی آزادی کی تحریک میں خیبر پختونخوا کے عوام کا سب سے بڑا کردار ہوگا۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ عمران کا ساتھ دیا ہے۔ یہ ملک ہم نے اپنی آزادی اور خودمختاری کے لئے حاصل کیا تھا لیکن بدقسمتی سے غلامانہ ذہنیت والوں نے عوام کے منتخب حکومت پر شب خون مار دیا۔ ان شاء اللہ ہم عمران خان کی قیادت میں ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے امپورٹیڈ حکومت کو مسترد کرکے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شہباز شریف پنجاب کے عوام کی فکر کرے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو ہم پہلے ہی سے صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے شروع کردہ صحت کارڈ پروگرام کو پایہئ تکمیل تک پہنچائے۔ اگر امپورٹیڈ حکمرانوں کو واقعی غریب عوام کی فکر ہے، تو احساس پروگرام کو جاری رکھیں۔ سوات موٹروے فیز ٹو کا اگلے ہفتے اور دیر موٹروے کا دو مہینے بعد سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان اور دیگر اراکین اسمبلی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔