ملاکنڈ ڈویژن میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کی زیرِ صدارت کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز برائے میل اور فی میل سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اضلاع میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ پیش کیا۔ اجلاس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کو نئے منظور شدہ پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کی تعمیر، زلزلے اور سیلاب سے متاثرہ باقی ماندہ سکولوں کی دوبارہ آبادکاری، سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تزئین و آرائش، صفائی، تعلیمی ماحول کی بہتری، اضلاع میں محکمہ تعلیم کے دفاتر میں بجٹ، سٹاف اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے بعض منصوبوں میں غیر معیاری ترقیاتی کاموں کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی کہ ایسے منصوبے جو نامکمل اور غیر معیاری ہوں، ہرگز قبول نہ کئے جائیں اور ایسے معاملات محکمہ انسدادِ کرپشن کو بھیجی جائیں۔