پھلوں کی وادی سوات میں سیزن کا آخری پھل املوک(جاپانی پھل) کی فصل تیار ہے۔ اس کو ملک کے مختلف علاقوں کی منڈیوں میں پہنچایا جارہا ہے۔ ایک زمیندار رحیم خان نے میڈیا کو بتایا کہ املوک کی عمر زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ ملک کے تمام علاقوں میں بآسانی پہنچ جاتا ہے۔ املوک کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ وٹامنز سے بھرا ہو ا ہوتا ہے۔ اس کے کھانے سے جسم میں مختلف اقسام کی وٹامنز کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ املوک باقی پھلوں سے قیمت میں بھی سستا ہے اور اس وقت ملک بھر میں سوات کے املوک کی فی کلو گرام قیمت سو روپے کی قریب ہے۔ محکمہئ زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ سوات میں ڈھائی ہزار ایکڑ زمین پر املوک کی 70 لاکھ کلو گرام پیداوار ہوتی ہے جس سے زمینداروں کو سالانہ 84 کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔ زمینداروں کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ اس پھل کو اتار کر خشک کراتے ہیں، جن کو بعد میں سال بھر ڈرائی فروٹوں کی دکانوں میں فروخت کیا جاتا ہے۔