سوات میں امن برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے ابابیل سکواڈ کو موٹر سائیکلیں دے دی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تربیت یافتہ پولیس فورس ہر قسم کے جرائم کی روک تھام کے لیے تیزی سے کام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی ارشد خان نے ڈی ایس پی سٹی باچا حضرت خان کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابابیل فورس بنانے کا مقصد سوات میں امن برقرار رکھنا ہے۔ ابابیل فورس کے آٹھ جوانوں کو نئی موٹر سائیکلیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ابابیل دستہ میں 30 پولیس کے تربیت یافتہ نوجوان موجود ہیں، جو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ابابیل فورس جہاں بھی ٹریفک کا مسئلہ ہو یا کوئی اور واقعہ، تو وہاں موقع پر پہنچ کر دوسرے پولیس اہلکاروں کی مدد کرے گی۔
جرائم کی بیخ کنی کے لئے سوات پولیس میں ابابیل سکواڈ کا نیا اضافہ
