سوات: پختون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے کہا ہے کہ 11 اکتوبر کو ’’قومی عدالت‘‘ پختون اپنے مسائل اور وسائل کے لئے حل نکالیں گے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان سمیت تمام پختون سیاست دانوں نے قومی عدالت میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سوات کے علاقہ ہزارہ میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو دعوت دینے والے جرگہ سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ جرگہ دنیا کے 61 ممالک میں براہ راست دکھایا جائیگا۔ قومی عدالت کے پہلے روز ایک بڑے سکرین پر پختونوں کے وسائل اور مسائل کے بارے میں اعداد و شمار جاری کئے جائیں گے۔ دوسرے روز 80 کیمپوں میں ماہرین بیٹھ کر ان کا حل نکالیں گے اور آخری روز قومی عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔