سوات: پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بینچ کے جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سیدو شریف تدریسی ہسپتال میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن (ایم ٹی آئی) کے نفاذ کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ ایوب خان مشوانی کی جانب سے دائر کردہ رٹ میں ان کے وکلا ارشد علی خان اور اصف اقبال نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سیدو شریف تدریسی ہسپتال ’’پی ایم ڈی سی‘‘ کے قوانین کے مطابق مکمل نہیں ہے، لہٰذا یہاں ’’ایم ٹی آئی‘‘ کا قانون اس وقت تک نافذ نہیں ہو سکتا جب تک اس کی تکمیل نہیں کی جاتی۔ دلائل سننے کے بعد ڈویژن بنچ نے ایم ٹی آئی کے نفاذ کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو اگلی پیشی پر جواب دینے کی ہدایت کی۔