ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنرز کے لئے عوامی خدمات کے 7اہم شعبوں میں اہداف کا تعین کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز اور صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی ۔
کانفرنس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس موقع پر گڈ گورننس روڈ میپ میں شامل نو اہم شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی جن میں میں صحت، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت، سوشل ویلفیئر، بلدیات، انتظامیہ اور سکیورٹی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کانفرنس میں گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت ڈپٹی کمشنرز کے لئے عوامی خدمات کے سات اہم شعبوں میں اہداف کا تعین کیا گیا،اہداف میں بلدیات کے شعبے میں نو، سیاحت میں تین، سوشل ویلفیئر اور لائیو اسٹاک میں دو، دو جبکہ صحت، تعلیم اور زراعت میں ایک ایک ہدف شامل ہیں، ڈپٹی کمشنرز کو اہداف حاصل کرنے کے لئے دسمبر 2025 تک کا ڈیڈ لائن دیا گیا۔
صحت کے شعبے میں اس سال دسمبر تک تمام پرائمری مراکز صحت میں ضروری ادویات، آلات، طبی عملے کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کا ہدف ، تعلیم کے شعبے میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری جبکہ سکولوں میں ناپید سہولیات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
اسی طرح اس سال دسمبر تک زراعت کے شعبے میں تمام فارم سروس سنٹرز میں کھاد، بیچ، زرعی مشینری اور کیڑے مار ادویات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنایا جائے گا، لائیو اسٹاک کے شعبے میں تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں درکار عملے، ادویات اور آلات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ سیاحت کے شعبے میں سیاحتی علاقوں میں تمام ٹورازم فیسیلیٹیشن ڈیسکس اور ریسٹ رومز کو فعال بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا، سوشل ویلفیئر کے شعبے میں صوبائی حکومت کے تمام دارالامان، پناہگاہوں اور زمونگ کور مراکز کے بہتر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
بلدیات کے شعبے میں تمام عوامی مقامات بشمول بس اسٹینڈز، پارکس، سبزی منڈیوں اور مذبح خانوں میں صفائی ستھرائی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کا ہدف مقرر کرنے کے علاوہ تمام ویلج کونسلز میں صفائی عملے کی تعیناتی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور سیوریج سسٹم کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
عمومی انتظامی شعبے میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور معیاری اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا، اسی طرح امن و امان کے شعبے میں دہشتگردوں کی پروفائلنگ کا ہدف مقرر کیا گیا۔
کانفرنس میں اضلاع کی سطح پر 99نکاتی ایجنڈے کے تحت پبلک سروس ڈیلیوری کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 99 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد سے نچلی سطح پر مختلف پبلک سروس ڈیلیوری میں کافی بہتری آئی ہے۔
کانفرنس میں پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لئے 99 عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے آزادانہ مانیٹرنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز حکومت کے دائیں ہاتھ کا کردار ادا کرتے ہیں، نحلی سطح پر حکومت کے وژن پر ان گراونڈ عملدرآمد ڈپٹی کمشنرز کا اہم کردار ہے، تمام ضلعی محکمے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت ہیں ان سے کام لینا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی افسر یا اہلکار صحیح کام نہیں کر رہا تو ڈپٹی کمشنر متعلقہ سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کو رپورٹ دے، ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ پر ایسے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ حکومت کے وژن پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو زمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بھر پور اختیارات بھی دیئے جائیں گے، کسی بھی کوتاہی کی صورت میں متعلقہ ضلعی سربراہ سے بعد میں پوچھا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز سے پہلے پوچھا جائے گا،وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی حکومت کے وژن پر ان گراونڈ عملدرآمد ہو، میری حکومت کا نصب العین ہے کہ عوام کو پبلک سورس ڈیلیوری میں بہتری نظر آنا چاہیے، پبلک سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم ہونی چاہئیں حکومت لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہی ہے، اس کے ٹھوس نتائج سامنے آنے چاہئیں ۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر بنانے کے لئے باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کریں، کھلی کچہریوں میں متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے اور عوامی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لئے سوشل میڈیا کا موثر استعمال عمل میں لایا جائے کیوں کہ سوشل میڈیا عوامی فیڈ بیک حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز معمول کے انتظامی امور اور پبلک سروس ڈیلیوری کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں پر بھی خصوصی فوکس کریں، ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی منصوبوں میں کام کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں،ڈپٹی کمشنرز تمام محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کا ریگولر ریویو کیا کریں، صوبائی حکومت بہت جلد دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام کا اجرا کرنے جا رہی ہے، علی امین گنڈاپور پروگرام کے تحت ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی عملہ بھرتی کیا جا رہا ہے۔