پروبیشن آفس سوات کی جانب سے آج ایک خصوصی کمیونٹی سروس سرگرمی کا انعقاد کیا گیا، جس میں پروبیشنرز نے ڈسٹرکٹ کورٹس سوات کے احاطے میں شجرکاری اور صفائی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ اس مہم کا مقصد پروبیشنرز کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے طور پر معاشرے میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات، اسد حمید خان، ایڈیشنل سیشن جج سوات، ناصر خان، اور سینئر سول جج ایڈمن فائزہ گل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ مہمانان نے نہ صرف پروبیشنرز کی سرگرمیوں کو قریب سے دیکھا بلکہ خود بھی پودے لگا کر اس مہم میں حصہ لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات، اسد حمید خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروبیشن ڈیپارٹمنٹ معاشرتی بحالی اور اصلاح کے عمل میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "مجرموں کو معاشرے کا کارآمد اور ذمہ دار شہری بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور پروبیشن ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے قابلِ ستائش خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

انہوں نے سینئر پروبیشن آفیسر سوات، رضا محمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوجداری نظامِ انصاف میں پروبیشن کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

سینئر پروبیشن آفیسر سوات، رضا محمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی زیر نگرانی ضلع بھر میں دو سو پروبیشنرز بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروبیشن پروگرام کے ذریعے یہ افراد نہ صرف مثبت سرگرمیوں میں شامل ہوتے ہیں بلکہ ان کے اندر معاشرتی ذمہ داری کا شعور بھی اجاگر کیا جاتا ہے تاکہ وہ دوبارہ جرم کی دنیا میں واپس نہ جائیں۔

تقریب کے اختتام پر سینئر پروبیشن آفیسر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی شرکت اور حوصلہ افزائی پر انہیں اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ شرکا نے اس اقدام کو نہ صرف مجرموں کی اصلاح کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا بلکہ امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی ۔۔۔