سوات(مارننگ پوسٹ)مینگورہ ڈپٹی کمشنرسوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی قوم اس وقت تک پائیدار ترقی نہیں کرسکتی جب تک ان کی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا نہ کریں، آج یورپ کے وہ ممالک ترقی اور خوشحالی میں سب سے آگے ہیں جہاں خواتین ملک کے باگ دوڑ میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کررہی ہیں ، وہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سیدو شریف میں طالبات اور اساتذہ سے تقریری مقابلہ کے بعد خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبیحہ نازلی، وائس پرنسپل ڈاکٹر نرگس آرا، پروفیسر فوزیہ وہاب، تبسم مجیداور دوسرے اساتذہ بھی موجود تھیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف مرد بہتر نظام حکومت دینے میں کامیاب نہ ہوسکے اس لئے خواتین کو آگے بڑھ کر ملک کی خوشحالی اور ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئیے، انہوں نے گرلز کالج کے مین بلاک کو سڑک کے پار بی ایس بلاک سے ملانے کے لئے اور ہیڈپل کی تعمیر کے لئے بیس لاکھ روپے کی منظور ی بھی دی اور وعدہ کیا ، کالج پرنسپل ڈاکٹر صبیحہ نازلی نے ڈی سی سوات ثاقب رضا اسلم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پل نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کو انتہائی تکلیف کا سامنا ہے اور وہ کالج کے مرکزی بلاک سے نکل کر سڑک پار کرتی ہیں اور بی ایس بلاک جاتی ہیں جس سے نہ صرف ایکسیڈنٹ کا خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ بہت سارے دوسرے مسائیل بھی رونما ہوتے ہیں، کالج کی سینکڑو ں طالبات نے ڈی سی سوات کا شکریہ ادا کیا اور توقع کی کہ منظور شدہ فنڈ سے جلد از جلد پل کی تعمیر پر کام شروع ہوجائے گا ،آخر میں مہمان خصوصی نے پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔