سوات(مارننگ پوسٹ)سوات کے سیدوشریف اسپتال کی اراضی پر پٹوارخانہ تعمیر کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ،اسپتال انتظامیہ نے سیکرٹری صحت سمیت دیگر حکام کو تحریری طور پر آگا ہ کردیا ،پیپلزپارٹی نے اسپتال کی اراضی پر مبینہ قبضے کے خلاف احتجاج کی دھمکی دیدی ،سوات میں سیدوشریف اسپتال (سنٹرل ونگ) کے عقب میں واقع اراضی پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹوارخانہ تعمیر کئے جانے کا کام جاری ہے ،ذرائع کے مطابق کالج کالونی روڈ پر واقع کروڑوں روپے کی اراضی کو ضلعی انتظامیہ نے محکمہ صحت کی اجازت نامے کے بغیر استعمال میں لاکر اس پر پٹوارخانہ کی عمارت کا تعمیراتی کام شروع کردیا ہے اس حوالے سے جب اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے سیکر ٹری صحت سمیت دیگر حکام کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر امجدعلی نے میڈیا کو بتایا کہ اسپتال کی اراضی پر قبضہ جماکر پٹوارخانہ بنانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے اور اگر ضلعی انتظامیہ نے تعمیراتی کام نہیں روکا تو اس ضمن میں شدید احتجاج کیا جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یہ اراضی ڈسپوٹیڈ اراضی ہے اور اس حوالے سے محکمہ صحت کو اراضی کی ڈیمارکیشن کے لئے کہاگیا ہے اگر ریونیوریکارڈ میں یہ اراضی اسپتال کی نکلتی ہے تو ہم کام رکوادیں گے انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اب بھی اس پر تعمیراتی کام کا بند کردیا گیا ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اراضی کی ڈیمارکیشن کے لئے طریقہ کار موجود ہے اس پر ہی کام کیا جائے گا اور ثابت ہوجائے کہ یہ اراضی کس کے پاس آتی ہے ۔