سوات(مارننگ پوسٹ) نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں وہ ملکی ترقی و استحکام کیلئے ہر کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ان خیالات کا اظہارسوشل ایکٹیویسٹ ڈاکٹر جواد خان نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے پروگرام ’’رنگونہ د سوات‘‘ میں کیا جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے موصوف اودھیانہ کے نام سے تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر معاشرتی مسائل کے حل کی مہم میں مصروف عمل ہیں اس موقع پر مختلف سوالات کے جوابات میں انہوں نے کہا کہ سوات میں تعلیم کے حوالے سے ہم گذشتہ چھ سالوں سے کام کر رہے ہیں جس میں ہم سیمینار، اویرنس سیشن، ایگزیبیشن اور ورکشاپس سمیت سکول و کالجز میں طلباء و طالبات کے ساتھ تعلیم عام کرنے کے حوالے سے آگہی کلاسز لیتے ہیں تاکہ وہ اپنے ان ساتھیوں کو بھی حصول تعلیم کے میدان میں لاسکیں جو ناخواندہ ہوں انہوں نے کہا کہ تعلیم کے علاوہ ہم نے اب صحت کے شعبے پر بھی توجہ دینی شروع کی ہے اور مستقبل قریب میں ہم سیدو شریف کے قریب ایک ایسا ہسپتال قائم کر رہے ہیں جس میں مریضوں کا مفت علاج ہوگا اور اس میں کوالیفائیڈ ڈاکٹرز ہوں گے صحت کا شعبہ چونکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کی قلت کے سبب بگڑتا جارہا ہے تو اس وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت سے مل کر عوام کو بہتر طبی سہولیات دینا شروع کریں انہوں نے کہا کہ اگر ہم صرف حکومت یا انتظامیہ کو ہر مسئلے کے حل کا ذمہ دار سمجھیں اور ان سے ہمیشہ ہر توقع رکھیں اور خود لا تعلق رہیں تو ہمارے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا جائے گا اس وجہ سے ہر ذمہ دار شہری کا فرض بنتا ہے کہ وہ حکومت اور انتظامیہ کیساتھ ملکر مسائل کے حل میں اپنی بساط کے مطابق کوشش کرے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کچھ نہیں کرسکتا تو اپنے گلی محلہ کی گندگی تو ہٹا سکتا ہے اور جب کسی نے اس پر توجہ دی تو وہ پورے معاشرے کے مسائل پر توجہ دے سکے گا لہٰذا نوجوان آگے آئیں اور ملک وقوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں۔