سوات(مارننگ پوسٹ ) بھارت سے رہائی پانے والا شہر ی عبداللہ وطن واپس پہنچ گیا، واہگہ بارڈرپرحکام کے حوالے کردیا گیا ، شہری پاکستان کی سرزمین پرداخل ہوتے ہی سجدہ ریز ہوگیا۔ 21 سالہ پاکستانی نوجوان عبداللہ کو رہا کردیاگیاہے، مینگورہ سوات کا رہائشی عبداللہ 25 مئی 2017 کو اپنے دوستوں کے ساتھ پریڈدیکھنے واہگہ بارڈرآیا تھا اوراس نے اچانک زیرولائن کراس کرلی تھی، اس کے دوستوں نے بتایا تھا کہ عبداللہ شاہ رخ خان کا دیوانہ ہے اوراسے ملنا چاہتا تھا، پاکستان رینجرزنے اس وقت بھارتی بی ایس ایف کواس نوجوان کو واپس بھیجے جانے کا کہا تھا اوریہ بھی واضع کیا تھا کہ اس نوجوان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے تاہم بی ایس ایف نے اسے فارن ایکٹ کے تحت امرتسرجیل بھیج دیا اسے 6 ماہ کی سزاسنائی گئی تھی جومکمل ہوچکی ہے، بھارتی حکام کے مطابق عبداللہ کو گزشتہ برس اگست میں قونصلر تک رسائی دی گئی اوراس کے بعد 15 دسمبرکو پاکستان نے اس کی شہریت کی تصدیق کی جس میں بتایا گیا کہ نوجوان مینگورہ سوات کا رہائشی ہے۔