سوات (مارننگ پوسٹ )سوات یونیورسٹی میں مختلف کالجز کے اساتذہ کیلئے ایک روزہ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ، جس کا اہتمام کوالٹی اینہانسمنٹ سیل سوات یونیورسٹی نے کیا تھا ۔ جمعرات کے روز ہونے والے ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد کالجز میں بی ایس کے پروگرام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر نا اور طلبہ کو ایک بہتر تعلیم ماحول فراہم کرنا تھا ۔ افتتاحی سیشن سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمال خان نے کہاکہ سوات یونیورسٹی کے کوشش ہے کہ یونیوسٹی کے تمام شعبہ جات کے ساتھ ساتھ کالجز میں بھی طلبہ کو ایک بہتر تعلیم ماحول میسر ہو ، تاکہ وہ پوری یکسوی اور دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکے ، انہوں نے کہا کہ کالجز کی سطح پر مختلف شعبہ جات میں بی ایس پروگرام کا اجرا خوش آئند ہے جس سے طلبہ کو حصو ل تعلیم کے ذیادہ سے ذیادہ مواقع میسر آئیں گے ، انہوں نے شرکا ء پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ وہ ملک کے مستقبل کو سنوار نے میں اپنا کردار بخوبی انجام دے سکے ۔ اس موقع پر کوالیٹی اینہانسمنٹ سیل سوات یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا سوات یونیورسٹی کے ساتھ الحاق رکھنے والے کالجز میں کیو ای سی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کا مقصد معیاری تعلیم کو کو فروغ دینا ہے ۔ ٹریننگ ورکشاپ سے ڈاکٹر شاہد ، ڈپٹی رجسٹرا فیاض احمد ، ڈاکٹر سجاد حسین ، محمد سہیل اور محمد اسماعیل نے پریزنٹیشزدیں ۔