سوات(مارننگ پوسٹ)ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن غلام حسین غازی نے اپنے عملے کے ہمراہ مینگورہ شہر میں فلاحی تنظیم ’’نوے جوند‘‘ کے دفتر کا دورہ کیا اور تنظیم کے ڈائریکٹر ریاض احمد حیران اور بچوں کو چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان کی طرف سے مختلف غذائی اجناس سے بھرا ٹرک اور نقد رقم حوالے کی خوردنی اشیاء میں آٹا، چاول، دال، لوبیا، گھی، چائے پتی اور چینی قابل ذکر ہیں چیئرمین ڈیڈیک کے منیجر احسان عالم بھی اس موقع پر موجود تھے ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن نے بتایا کہ فضل حکیم خان نے تنظیم کے دفتر کے دورے کے دوران وہاں داخل بے سہارا بچوں کیلئے یہ اشیاء بھیجنے کا وعدہ کیا تھا اور انہیں یہ چیزیں جلد از جلد ان بچوں تک پہنچانے کی تاکید کی تھی کیونکہ وہ دردمند دل رکھنے والے انسان ہیں اور منشیات کے عادی سٹریٹ چلڈرن کی بحالی کے اس مرکز سے بے حد متاثر ہوئے ہیں انہوں نے دیگر مخیر لوگوں سے بھی اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی اور امید ظاہر کی کہ دردمند شہری منشیات سے نجات کے اس بحالی مرکز کا خود دورہ کرکے یہاں داخل بچوں اور نوجوانوں کی ہر طرح دادگیری کریں گے انہوں نے کہا کہ اس طرح کا مشکل اور صبر آزما کام اکیلے حکومت کے محدود وسائل میں قطعی ممکن نہیں اسلئے ہمدرد اور مخیر شہریوں کو یہ عظیم مشن جاری رکھنے کیلئے سامنے آنا ہوگابحالی مرکز میں داخل بچوں اور نوجوانوں نے انکی خبرگیری پر چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان کا شکریہ ادا کیا، انہیں دعائیں دیں اور امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت انکی سرپرستی کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رکھے گی کیونکہ موجودہ حکومت سے انہیں کافی توقعات وابستہ ہیں۔