سوات(مارننگ پوسٹ)ٹی بی مرض کے خاتمے کے لئے حکومت تمام علاج اور دوائیاں مفت فراہم کررہی ہے ، ڈاکٹر غلام سبحانی ، تفصیلات کے مطابق سوات پریس کلب میں ٹی بی مرض کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام سبحانی نے کہاکہ ٹی بی مرض ایک خطرناک مرض ہے اور اس کا علاج ممکن ہے انہوں نے کہاکہ ٹی بی مرض ایک مریض سے دوسرے کو لگنے والا مرض ہے اور اسکے خاتمے میں عوام اپناکردارا دا کریں انہوں نے کہاکہ ٹی مرض کے خاتمے کے لئے سوات میں بیس مراکز قائم ہے جوکہ بارہ گھنٹے کھلے رہتے ہیں جہاں پر مریض کو تشخیص اور ٹیسٹوں سے لیکر دوائیوں تک مفت علاج کرایاجاتاہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ٹی بی مرض کے خاتمے کے لئے معاشرے کا ہرفرد اپنا کردار ادا کریں کیوں کہ یہ مرض ایک انسان سے دوسرے انسان کو آسانی سے لگ سکتاہے ۔ اس سے قبل پشاور سے خصوصی طورپر آئے ہوئے ڈاکٹر موسی خان نے ٹی بی مرض کے تاریخ کے بارے میں تفصیلی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ٹی بی مرض کا عالمی دن ہر سال اس عہد کے ساتھ منایاجاتاہے کہ اس مرض سے پاکستان کو پاک کردیاجائیگا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جس کسی کو بھی دوہفتے سے زائد کھانسی ہو، اس کے ساتھ اس کا وزن گھٹ رہاہوں وہ بلامعاوضہ اپناٹی بی ٹیسٹ متعلقہ مراکز سے کراسکتاہے ، اس موقع پر دیگر ماہر ڈاکٹرز جن میں ڈاکٹر ظاہرشاہ، ڈاکٹر رفیع اللہ اور دیگر ڈاکٹر شامل تھے ٹی بی مرض اور اس کے روک تھام کے حوالے سے خطاب کیا۔