سوات(مارننگ پوسٹ)چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے پشاور میں ملاقات کی اور ان سے ضلع سوات میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی سکیموں سے متعلق بعض اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے ساتھ ساتھ نئی سکیموں کے اجراء سے متعلق پرزور سفارش سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے واضح کیا کہ اب سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں میگا منصوبے شروع ہونے کا ایک سنہری دور شروع ہوگا جس پر انکی وزیراعظم عمران خان سے بھی تفصیلی بات چیت ہوچکی اور انہوں نے اصولی اتفاق بھی کیا ہے تاہم وسائل کی کمی صوبے کی تیز رفتار ترقی میں واحد بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ ماضی کے حکمرانوں نے قومی خزانے کو شیر مادر سمجھ کر بیدردی سے لوٹا ہے اور نہ صرف قرضوں پر قرضے لئے بلکہ قومی املاک اور اداروں کو گروی رکھ کر ملکی سلامتی اور استحکام کو بھی داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی انہوں نے کہا کہ اب میگا منصوبوں کیلئے فنڈز کا بندوبست بھی کیا جا رہا ہے اور عنقریب عوام اس بارے میں خوشخبریاں سنیں گے اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک نے وزیراعلیٰ کو ضلع سوات میں صوبائی محکموں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا جبکہ حلقہ پی کے 5 میں سوئی گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے وزیراعلی کے اقدامات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ترقی کیلئے محمود خان کا اخلاص شک و شبہ سے بالاتر ہے اور وہ تمام شعبوں میں ہمہ گیر ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور ان میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صوبہ کے دوسرے علاقوں کی طرح سوات میں بھی ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے یہاں سیاحت کی صنعت کو بھی بھرپور ترقی دی جا رہی ہے دنیا بھر کے سیاحوں کی نظریں اب سوات کے پر فضا اور تاریخی مقامات پر لگی ہیں اور وہ گروہ در گروہ یہاں کی سیر کیلئے بے چین ہیں بہت جلد سوات سیاحت کا حب ہوگا انہوں نے کہا کہ سیدوشریف ائیرپورٹ اور مینگورہ تک موٹروے کی توسیع سمیت بے شمار نئے منصوبے شروع ہونے والے ہیں جس کی تکمیل سے سوات کی خوشحالی اور روزگار میں مزید اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے عوام دوست اقدامات سے خیبر پختونخوا کے عوام خوش ہیں اور وہ انکے حالیہ دورہ سوات اور ترقیاتی اعلانات کے بھی شدت سے منتظر ہیں۔