سوات(مارننگ پوسٹ)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے زیارت مدینہ کو مشکل بنا دیا ، اسلامی قوامین کا مذاق اُڑایا جا رہا ہے ، اسلام کے نام پر قائم ہونے والے ملک میں آج اسلام کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں ، یہودی لابی سے وابستہ لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے ، توہین رسالتؐ قانون میں ترمیم کی کوشش کی گئی تو اسلام آباد کاگھیراؤ کریں گے ، ملک کو طاغوتی قوتوں کی کالونی میں تبدیل ہونے نہیں دیں گے ، ،حکمرانوں کی زبان سے ریاست مدینہ کی مثال دینا اچھا نہیں لگتا ،نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے دعوے کرنے والے ایک نوجوان کو نوکری نہیں دے سکے ہیں اور لوگوں کو 50 لاکھ گھر دینے والے آج لوگوں سے گھر چھین رہے ہیں تجاوزات کی آڑ میں عوامی املاک کو ملیا میٹ کیا جا رہا ہے ، آسیہ ملعون نے توہین رسالت کی ہے ،17 فروری مردان ملین مارچ حکمرانوں کی تابوت پر آخری کیل ثابت ہو گا ، ان خیالات کااظہار انہوں نے مردان میں 17 فروری کو ملین مارچ کی تیاری کے حوالے سے مینگورہ لنڈیکس معارف القرآن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس سے قبل سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ الحدیث مولانا محمد قاسم ، ناظم انتخابات صوبہ خیبر پختونخوا مولانا راشد محمود اور جے یو آئی سوات کے سابق امیر مولانا حجت اللہ نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ملین مارچ کے ذریعے طاغوتی قوتوں اور مغربی ایجنٹوں کو پیغام دینگے کہ ہم مغربی ایجنڈا یہاں کسی بھی صورت ناگذ نہیں ہونے دیں گے جے یو آئی اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گی ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے عزائم سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے ملین مارچ منعقد کیا جا رہا ہے توہین رسالت کے قانون میں ترمیم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے کہا کہ یہودی لابی نے ملک کے نوجوانوں کو لبرل ازم کے نام پر گمراہ کیا اور کہا گیا کہ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن افسوس کہ انہوں نے اب تک ایک نوجوان کو بھی نوکری نہیں دی بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ ہاتھوں میں ڈگریاں لیکر روزگار کی تلاش میں گھوم پھر رہی ہے ، انہوں نے پچاس لاکھ گھر لوگوں کو دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن انہوں نے گھر دینے کے بجائے عوام سے بنے بنائے گھر چھین رہے ہیں اور تجاوزات کی آڑ میں لوگوں کی جائیدادوں کو ملیا میٹ کیا جا رہا ہے ۔
سوات: ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے زیارت مدینہ کو مشکل بنا دیا ، مولانا عبدالغفور حیدری
