اسلام آباد(این این آئی) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔ پیٹرول 2 روپے 50 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے ۔ جمعرات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ۔ اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 111 روپے 43 پیسے نئی قیمت مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے جبکہ مٹی کے تیل میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 77 روپے 53 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 86 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات کی رات12 بجے سے ہو گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، پیٹرول92.88اورڈیزل 111.43روپے لیٹر ہو گیا
