سوات(مارننگ پوسٹ)پاک بھارت سرحدی کشیدگی اور ایمرجنسی صورتحال کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کی زیرصدارت ڈی سی آفس سیدو شریف میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران خطرے اور ناگہانی حالات سے نمٹنے کیلئے بعض ناگزیر فیصلے کئے گئے ہیں اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کے تحت ڈی سی آفس میں ایک ہنگامی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کریگا کنٹرول روم میں متعلقہ افسران کو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی تفویض کی جائیگی ایک دوسرے فیصلے کے تحت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، اے اے سیز، ٹی ایم اوز اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اپنے اپنے سٹیشنوں میں موجود رہیں گے جبکہ تمام متعلقہ ہیڈز آف لائن ڈیپارٹمنٹس اپنے ماتحت سٹاف کی 24 گھنٹے موجودگی بھی یقینی بنائیں گے اسی طرح اجلاس میں تمام اہم و حساس پلوں و تنصیبات کی نشاندہی بھی کی گئی اور ایکسئین ہائی ویز، این ایچ اے اور پی ایچ اے کو ہدایت کی گئی کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام سٹاف، آلات اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام ٹی ایم ایز فضائی حملے یا کسی بھی خطرہ سے شہریوں کو بروقت آگاہ کرنے کیلئے سائرن سسٹم کو آپ ڈیٹ کریں گے اور ناگزیر صورت میں سائرن کی تعداد بھی بڑھائیں گے تاکہ ضرورت کے وقت اسے استعمال میں لایا جاسکے اسی طرح فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ پولیس کے مشورے سے سوات لیویز اہلکاروں کو حساس جگہوں کی حفاظت کیلئے تعینات کریگی کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ایمبولینسوں، فائر بریگیڈز اور ریسکیو 1122 کے متعلقہ سٹاف اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے ایک دوسرے فیصلے کے تحت تمام ڈی ایم اوز اپنے ماتحت سٹاف کی موجودگی یقینی بنائیں گے اسی طرح ایمرجنسی صورتحال میں فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی تیار رکھی جائیں گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر غلہ گوداموں میں گندم کے وافر سٹاک کو یقینی بنائینگے تاکہ ہنگامی صورتحال میں غذائی قلت درپیش نہ ہونے پائے اسی طرح ڈی ایچ او تمام ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی اپنی متعلقہ سٹیشنوں میں موجودگی یقینی بنائیں گے ڈی ایچ او ضروری ادویات کے ساتھ ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں مریضوں اور زخمیوں کیلئے بستروں کی دستیابی بھی یقینی بنائیں گے تمام اسسٹنٹ کمشنرز علاقائی ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے باہمی تعاؤن سے ڈیزل اور پیٹرول پمپوں پر کڑی نگرانی کا عمل یقینی بنائیں گے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تمام اے سیز علاقائی پولیس اور سپیشل برانچ کے باہمی تعاؤن سے نقل مکانی کرنے والے اجنبی لوگوں پر خاص نظر رکھیں گے اس کے ساتھ ساتھ دونوں زنانہ اور مردانہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ان سکولوں کا تعین کریں گے جنہیں ناگہانی حالات اور ضرورت کے وقت لوگ بطور پناہ گاہ استعمال کرسکیں جبکہ پیسکو اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کے اہلکار بھی اس تناظر میں ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
سوات ڈی سی آفس میں ہنگامی کنٹرول روم کا قیام ، 24 گھنٹے کام کریگا
