سوات(مارننگ پوسٹ)ڈپٹی کمشنر سوات شاہد محمودنے سرکاری سکولوں کے11648 میٹرک(دسویں جماعت) کے طلباء/طالبات کو سکول بیسڈڈومیسائل کی تیاری کے لیے ڈومیسائل فارم متعلقہ تعلیمی افسران کے توسط سے فراہم کردےئے ہیں۔ ڈی ای او مردانہ کو7642طلباء کے لیے جبکہ ڈی ای اوزنانہ کو 4006طالبات کے لیے ڈومیسائل فارم فراہم کیے جاچُکے ہیں جو متعلقہ سکولوں کے پرنسپلز کو بھیجے جا چکے ہیں۔ سکول پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ فارم اپنے اپنے سکولوں کے جماعتِ دہم کے طلباء وطالبات کو فراہم کریں۔ اسی طرح سکولوں کے اساتذہ اور اُستانیاں طلباء وطالبات کو فارم پُر کرنے میں مدد کرینگے۔فارم پُر کرنے کے بعد طلباء و طالبات ڈومیسائل فارم کے ساتھ مندرجہ ذیل دستاویزات منسلک کریں گے۔۱۔ فارم ب یا نویں کلاس کی ڈی ایم سی، بطورِ تاریخِ پیدائش ثبوت۔2۔والد یا سرپرست کے قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی۔3۔والد یا سرپرست کی جانِب سے بیانِ حلفی(سادہ کاغذ پر ).سکولوں کے پرنسپلز صاحبان کو مذکورہ ڈومیسائل فارمز کی تصدیق کا اختیار ہوگاتاہم ذاتی طورپر نہ جاننے کی صورت میں پرنسپلز طلباء و طالبات کو ویلیج یا نائبر ہوڈکونسل کے ناظِم کو تصدیق کے لیے بھجوا سکتے ہیں۔مکمل تصدیق شدہ ڈومیسائل فارم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے توسط سے ضلعی انتطامیہ کو بھیجے جائینگے جو تمام ضروری کار روائی مکمل ہونے کے بعد افسرانِ تعلیم کے توسط سے متعلقہ سکولوں کے پرنسپلز کو بھیجے جائینگے۔ اسی طرح طلباء و طالبات کو تیار ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ سکول ہی میں فراہم کردےئے جائیں گے۔