پاکستان بیت المال اور یونیورسٹی آف ملاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر اور سوات یونیورسٹی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے مطابق بیت المال کی جانب سے گریجویشن اور ماسٹرز کے پچاس پچاس نادار اور مستحق طلبہ کو تعلیم کی مفت سہولیات دی جائیں گی۔
اس سلسلے میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر اور جامعہ سوات میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹرعون عباس نے کہا کہ 9 ماہ میں پاکستان بیت المال نے تقریباَ چار ہزار طلبہ و طالبات کو سکالرشپس دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملک کی 82 یونیورسٹیوں کو خطوط ارسال کئے گئے ہیں کہ اگر مستحق اور نادار طلبہ کیلئے سکالر شپ چاہیے توپاکستان بیت المال سے رابطہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال 150سکول، 40 سویٹ ہومز اور150وویمن امپاورمنٹ سنٹر چلا رہا ہے جس سے مستحق اورغریب طلباء مستفید ہورہے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق 50 ہزارمعذور افراد کو استعمال کی مختلف اشیاء بھی پاکستان بیت المال کی جانب سے فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال میں بہترین اصلاحات کی ہیں جس کے بعد حقیقی معنوں میں مستحق، نادار اورغریب طلباء کی خدمت ہورہی ہے۔