سوات(مارننگ پوسٹ)کمشنر ملاکنڈڈویژن ریاض خان محسو دنے کہاہے کہ کم عمر مویشیوں کو ذبح کرنے پر مکمل پابندی ہے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جہاں کہیں کم عمر مویشیوں کو ذبح کیا جائے گا وہاں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے،یہاں کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہماری عملی جدوجہدجاری ہے،جو بھی مسئلہ ہو عوام ہمیں آگاہ کریں ان کی بھرپوردادرسی کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ سوات میں کم عمر جانوروں کے ذبح کرنے پر مکمل پابندی ہے تاہم جہاں کہیں کوئی کم عمر مویشیوں کو ذبح کرے گا وہاں پر فوری کارروائی عمل میں لانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے،انہوں نے کہاکہ تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس سے نہ صرف ٹریفک مسائل میں اضافہ ہورہاہے بلکہ یہ عوامی مشکلات کا سبب بھی بن رہاہے تجازوات کو ہٹانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھارہے ہیں،انہوں نے کہاکہ سڑکیں کسی بھی علاقے کی ترقی میں اہم کرداراداکرتی ہیں اس لئے سڑکوں کی تعمیر پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اس سے اگر ایک طرف مقامی لوگوں کو سہولت ہوگی تو دوسری جانب سیاحوں کو بھی سفرکرنے میں آسانی رہے گی،انہوں نے کہاکہ سوات کی سڑکوں کی تعمیرومرمت سمیت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں، ہمارا کام عوام کی مشکلات کو دور کرنااوران کی خدمت کرنا ہے لہٰذہ جو بھی مسئلہ ہو عوام ہمیں آگاہ کریں انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی بھر پوراندازمیں دادرسی کی جائے گی۔
کم عمر مویشیوں کو ذبح کرنے جبکہ تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ریاض خان محسود
