سوات (مارننگ پوسٹ) گذشتہ روز پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر جناب عون عباس بپی نے یونیورسٹی آف سوات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال اور یونیورسٹی آف سوات کے درمیان ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت پاکستان بیت المال یونیورسٹی آف سوات کے 50 مستحق طلباء و طالبات کو سکالرشپس دیگا۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے ایم ڈی نے کہا کہ طلباء کو دیئے جانے والے سکالرشپس کی رقم 50 لاکھ روپے تک ہوگی۔ فی الحال دو سال تک یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں تاہم دونوں فریقین کی رضامندی سے معاہدہ میں توسیع کی جائے گی۔ پاکستان بیت المال سکالرشپس کے علاوہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر شعبوں میں بھی یونیورسٹی کو معاونت فراہم کریگا جن میں طلباء کیلئے انٹرن شپ، مختلف قومی اور بین الاقوامی دنوں کی مناسبت سے سیمینارز وغیرہ کا انعقاد جیسے بچوں کا عالمی دن، خواتین کا عالمی دن، تھیلیسیمیا کا عالمی دن، بلڈ ڈونرز ڈے اور ایڈز سے بچاو کا عالمی دن وغیرہ۔معاہدے کی رو سے یونیورسٹی آف سوات کے ریسرچ سکالرز پاکستان بیت المال کو مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کرینگے۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمال خان نے سکالرشپس کی فراہمی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر پاکستان بیت المال کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعاون طویل مدت تک جاری رہے گا اور اس کو مزید تقویت دی جائے گی۔