مینگورہ(مارننگ پوسٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل رحمان نونو نے کہاہے کہ کرونا کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات تسلی بخش نہیں اورنہ ہی اس سلسلے میں مرکزاور صوبے کی کوئی واضح پالیسی موجود ہے جس کے سبب قوم پریشانی میں مبتلا ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب تک حکومت نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کو ضروری سامان تک مہیا نہیں کیا جو اس وقت ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت میں مصروف اور کرونا سے برسرپیکار ہیں،انہوں نے کہاکہ دوسری جانب احساس پروگرام سے لاتعدادمستحق لوگوں کو باہر رکھا گیا اور مختلف بہانوں سے انہیں ٹر خایا جا رہاہے جس کے سبب یہ پروگرام بھی ناکامی کی طرف جارہاہے اس سے صرف چند خاندان ہی مستفیدہورہے ہیں اور وہ بھی رقم تک دردرکی ٹھوکریں کھانے کے بعد رسائی حاصل کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ دوسری جانب حکومتی اہلکاروں کی کارکردگی فوٹوسیشن تک محدود ہے جو اس مقصد کیلئے کثیررقم کررہے ہیں حالانکہ یہ وقت سیاست اور ذاتی مفادات کا نہیں بلکہ یکجہتی کا ہے تاکہ قوم کو کرونا جیسی وباء سے چھٹکارا دلایا جاسکے مگر حکومت اس میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے تاہم مسلم لیگ ن اپنے طور پر قوم کے ساتھ میدان میں کھڑی ہے اور متاثرین کی بھرپور اندازمیں مددکررہی ہے۔