سوات میں جماعت اسلامی کا 79 واں یوم تاسیس جوش وجذبے کے ساتھ منایاگیا،اس سلسلے میں کبل سوات میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیرسنیٹرمشتاق احمد خان،سابق ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹرفضل سبحان،ضلعی امیرسابق ایم پی اے محمد آمین اورمقامی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی دینی وسیاسی جدوجہدپراظہار خیال کیا۔یاد رہے کہ بیسویں صدی کے اسلامی مفکرسیدابوالاعلیٰ مودودی نے عصر حاضر میں اسلامی نظام کے احیا کے لیے 26اگست 1941جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی۔75افراد سے شروع ہونے والا قافلا اس وقت عالم گیر تحریک کی شکل اختیار کرچکاہے۔سنیٹرمشتاق احمد خان نے یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوچکا ہے کہ انسانوں کے بنائے ہوئے نظام نے انسانوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے اس میں مزید اضافہ کیا ہے، مہنگائی، بدامنی،بیروزگاری اس کی واضح مثالیں ہیں، عوام کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے، جس کیلئے جماعت اسلامی اپنے قیام کے پہلے روز سے ہی کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غریب عوام کیلئے ناسور بن چکا ہے روز پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے۔چینی مافیاں اورپٹرول مافیاں حکومت میں موجود ہے حکومت ان کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔جماعت اسلامی کسی بھی مشکل وقت خواہ سیلاب ہو یا کرونا ہو بغیر کسی لالچ عوام کی خدمت کررہے ہیں جوکہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔